نئی دہلی،6؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) کانگریس نے جمعہ کووزیراعظم نریندر مودی کے ”خود کفیل بھارت“کوایک اور جملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم کوآئندہ کی معاشی پالیسی کے بارے میں بتاناچاہیے- پارٹی کے سینئرلیڈرکپل سبل نے بھی دعویٰ کیاہے کہ یہ حکومت یونیورسٹیوں میں تحقیق اور جدت طرازی پر خاطر خواہ رقم خرچ نہیں کررہی ہے، جبکہ اس ملک کی ترقی اور خودکفالت کیلئے یہ ضروری ہے-انہوں نے ویڈیوخطاب کے ذریعے صحافیوں کوبتایاہے کہ اس حکومت میں صرف نعرے لگائے جارہے ہیں -وزیر اعظم خودکفالت کی بات کررہے ہیں جو ایک اورجملہ ہے-کپل سبل نے یہ بھی کہاہے کہ20لاکھ کروڑ روپے کے پیکیج کے بارے میں بات کی جارہی ہے اگر وہ20سال میں مکمل ہوجائیں توبڑی بات ہوگی-اگرآپ اس ملک کو خودکفیل بناناچاہتے ہیں تو آپ کو اپنی جامعات میں تحقیق اور جدت طرازی کے لیے پیسہ لگاناپڑے گا-ان کے مطابق وزیر اعظم نے نہ تو کسی آئندہ کی معاشی پالیسی کا اعلان کیا اور نہ ہی صنعت کی پالیسی اورمینوفیکچرنگ پالیسی کا اعلان کیا-سابق مرکزی وزیربرائے فروغ انسانی وسائل کپل سبل نے کہاہے کہ جی ڈی پی کا 0.7فیصد ہندوستان میں تحقیق اور ترقی پر خرچ کیاجاتاہے- اسرائیل میں 4فیصد، جرمنی میں تین فیصد اور بہت سارے دوسرے ممالک بھی چین اوردیگرممالک سے درآمد اور سرمایہ کاری کے مختلف شعبوں میں بہت پیسہ خرچ کرتے ہیں -انھوں نے کہاہے کہ صرف بات بنانے سے ملک خودکفیل نہیں ہوتا ہے- کپل سبل نے کہاہے کہ وزیر اعظم اور حکومت کو مزید معاشی پالیسی کی وضاحت کرنی چاہیے اوریہ واضح کرنا چاہیے کہ خود کفالت کے لیے کیااقدامات اٹھائے جائیں گے-انہوں نے الزام لگایاہے کہ یونیورسٹیوں میں آر ایس ایس سے وابستہ افراد کی تقرری کی جارہی ہے-